سید شاہ خلیل الرحمٰن حسینی

سید شاہ خلیل الرحمٰن صاحب حسینی کے حالات زندگی

پورا نام : سیدشاہ خلیل الرحمنٰ حسینی
تخلص : وقار خلیل
ولادت : 29/ اگست 1930ء ضلع گلبرگہ دکن
وفات : 02/ نومبر 1998ء حیدرآباد - انڈیا

وقارؔ خلیل مرحوم ایک ممتاز شاعر سید شاہ محمد خلیل الرحمن حسینی کوہ سوار المعروف وقارؔ خلیل صاحب 29 /اگست 1930ء کو اردوئے قدیم یعنی دکھنی زبان کے معروف صوفی سخنور حضرت محمود بحری صاحب ’’من لگن‘‘ کے جائے مدفن گوگی شریف تعلقہ شاہ پور ضلع گلبرگہ حال علاقہ کرناٹک میں پیدا ہوئے۔ آبا و اجداد گوگی شریف سے چار میل پر عادل شاہی سلاطین کے شہر شاہ پور ضلع گلبرگہ میں زبان، ادب، تعلیم اور تصوف کی خدمت کے منصب پرفائز رہے۔ جد اعلی حضرت سید شاہ محمد اکبر حسینی کو عہد عالمگیر میں’’کوہ سوار‘‘ کا لقب عطا ہوا اور انہیں اعزاز و انعامات سے نوازا گیا۔ حضرت سید شاہ محمد چندا حسینیؒ نامی کوہ سوار نظامی نے زندگی کے پانچ دہے درس و تدریس میں گزارے۔ بہ حیثیت استاد اردو انہوں نے ہزاروں طالب علموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔ وہ علامہ اقبالؔ کے عہد کے نامور سخنور اور صاحب طرز ادیب تھے۔ حضرت وقارؔ خلیل کی ابتدائی تعلیم و تربیت والدین اور اسلاف کی صاف ستھری زندگی کے تناظر میں ہوئی۔ انہو ں نے میٹرک میں کامیاب ہونیکے بعد منشی اور 1947ء میں ویسٹرن یونیورسٹی جالندھر سے منشی فاضل کی ڈگری حاصل کی۔ ان کو سقوطِ حیدرآباد سے دو چار سال قبل حیدرآباد کو اپنا وطن ثانی بنانا پڑا۔ حیدرآباد میں اُن دنوں روزنامہ ’’میزان‘‘ کا بڑا شہرہ تھا۔ اسی روزنامہ سے الحاج وقارؔ خلیل کے صحافتی دور کا آغاز ہوتا ہے۔ روزنامہ ’’میزان‘‘ کو حبیب اللہ اوج صاحب نے 1943ء میں جاری کیا تھا۔ روزنامہ ’’میزان‘‘ نے اپنے دور میں کافی مقبولیت حاصل کی تھی جس کا اہم سبب یہ ہے کہ یہ اخبار سہ لسانی تھا یعنی بیک وقت انگریزی، اردو اور تلگو زبان میں شائع ہوتا رہا۔ ہر اشاعت میں وقارؔ صاحب بچوں کے ذوق و شوق اور ان کی ذہنی تربیت کے لیے کہانیاں، نظمیں، پہیلیاں اور گیت وغیرہ لکھتے رہے۔ شری خوش حال چند جی نے 1923ء میں روزنامہ ’’ملاپ‘‘ کی بنیاد ڈالی اس کے بعد اس اخبار کے مدیر شری یدھ ویر جی اور چیف ایڈیٹر رنبیر جی مقرر ہوئے۔ حیدرآباد کا روزنامہ ’’ملاپ‘‘ ادبی اہمیت کا حامل تھا۔ اس زمانے میں روزنامہ ’’ملاپ‘‘ بچوں کے صفحہ کے لیے بھی کافی مشہور رہا۔ اس صفحہ کو ابتدا میں جناب علاء الدین حبیب ترتیب دیتے تھے بعد میں صفحہ باقاعدہ طور پر وقارؔ صاحب کےحوالے کر دیا گیا۔ وقارؔ صاحب اداریہ ’’دادا لکھتا ہے‘‘ کو پُر لطف و دلچسپ انداز میں پیش کرتے تھے۔ اس زمانے میں وقارؔ خلیل صاحب ’’بال سبھا‘‘ کے نام سے اس صفحے کو ترتیب دیا کرتے تھے۔
پھر اس کے بعد وقارؔ خلیل نے بچوں کے لیے ماہنامہ ’’انعام‘‘ حیدرآباد سے 1957ء میں اپنی ادارت میں جاری کیا۔ اس رسالے نے قلیل عرصے میں حیدرآباد میں بچوں کا ادب تخلیق کرنے والوں کی گراں قدر خدمات سے متعارف کروایا، حیدرآباد کے علمی، ادبی صحافتی اور شعر و ادب کے سازگار ماحول نے وقار خلیل صاحب کے قلم کو جلا بخشی۔ اور انہیں زندگی جینے کا حوصلہ بخشا۔ ترقی پسند تحریکوں کے ہم قدم رہ کر ادب، زندگی ماحول اور معاشرہ سے جو کچھ انہوں نے حاصل کیا اسے اپنے تین شعری مجموعوں ’’شاعری‘‘، ’’سخن‘‘ اور ’’ورثہ‘‘ کے اوراق پر بکھیر دیا۔ جو اُن کی متاع حیات ہے حضرت وقارؔ خلیل اردو کے بہت بڑے معمار ڈاکٹر سید محی الدین قادری زور کی دریافت اور ان کے تربیت یافتہ تھے اور ان ہی کی خواہش پر وہ 1956ء سے 1998ء تک ڈاکٹر زورؔ کے ادارہ ادبیات اردو اور ’’ایوان اردو‘‘ سے وابستہ رہے۔ وہ ابتدا میں ماہنامہ ’’سب رس‘‘ کے مدیر اور آخر وقت تک اردو کے شعبہ امتحانات کے انچارج رہے۔ اس کے بعد اورکسی تعارف کی ضرورت نہیں وہ ہندو پاک کے ادبی و شعری حلقوں میں خاصے جانے پہچانے شاعر ہیں۔ ان کی نظموں اور غزلوں میں عصری احساس اور انسانی جدبات کی فراوانی ہے۔ پروفیسر قدیر امتیاز اپنے مضمون تاریخی و تہدیبی ورثے کا شاعر ”وقار خلیل‘‘ میں یوں رقمطراز ہیں’’ویسے ان کی غزلوں پر نظمیں بھاری ہیں میں انہیں نظم کا شاعر سمجھتا ہوں نظم ہی ان کی شاعری کی پہچان بن سکتی ہے انہوں نے اقبالؔ سے تراکیب و شعری وقار غالبؔ سے لہجہ مخدوم سے انقلابیت اور فیضؔ سے رومانیت لی ہے اور ان سب کو شعر کی مٹی میں گوندنے سے ان کی شاعری کا خمیر بنا ہے۔‘‘ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں